اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 مختلف کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں میں 43 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 43.19 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، باچا خان ایئرپورٹ پر قطر جانے والے ایک مسافر کے بیگ سے 860 گرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ لاہور میں واقع ایک کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ جانے والے پارسل میں الیکٹرک اپلائنسز کے اندر چھپائی گئی 2.4 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
ملک کے مختلف شہروں میں اے این ایف کا منشیات کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن
حیدرآباد میں ایک گاڑی سے 20 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 16.8 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ بابو صابو ٹول پلازہ لاہور کے قریب دو ملزمان سے 2.8 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ ہری پور میں ایک مسجد کے قریب ایک ملزم سے 310 گرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











