جمعه,  15  اگست 2025ء
اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 10 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 63 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 46 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں

اے این ایف نے اسلام آباد کے موٹر وے ٹول پلازہ پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے ایک کلو ہیروئن برآمد کر لی۔ راولاکوٹ کے پونچھ ڈسٹرکٹ میں ایک موٹر سائیکل سوار سے 250 گرام آئس اور 6 گرام کوکین پکڑی گئی۔ اسلام آباد کے گولڑہ موڑ پر ایک اور موٹر سائیکل سوار سے 1200 گرام چرس اور 5 گرام کوکین برآمد ہوئی۔

مندرہ، راولپنڈی میں دو موٹر سائیکل سواروں سے 1200 گرام چرس پکڑی گئی۔ گرفتار تمام ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتے تھے۔

دیگر اہم کارروائیاں

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بحرین جانے والی خاتون کے سامان میں چھپائی گئی 192 گرام آئس برآمد کی گئی۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 378 گرام آئس سے بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔

اسی ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 22 گرام ہیروئن ملی، جب کہ سوہاوہ کے کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پارسل میں کپڑوں میں جذب شدہ 5.550 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

خانوزئی بازار، تحصیل پشین میں ایک گاڑی سے 45.200 کلوگرام افیون برآمد ہوئی، جبکہ دیپالپور روڈ، قصور کے قریب ایک ٹرک سے 9 کلو ہیروئن پکڑی گئی۔ اس کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے ایسے کریک ڈاؤن جاری رہیں گے۔

مزید خبریں