پیر,  22  ستمبر 2025ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم کے خلاف بڑی کارروائیاں: منشیات، زیادتی، آتش بازی، گداگری، قتل اور ناجائز اسلحہ میں ملوث افراد گرفتار

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ڈرگ فری پنجاب” اور سی پی او سید خالد ہمدانی کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہر بھر میں جرائم کے خلاف مؤثر اور مربوط کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے منشیات فروشوں، گداگروں، زیادتی کے ملزم، ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد، آتش بازی کرنے والوں، اشتہاری مجرمان اور قاتلوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کیے، جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں:

سی پی او کی ہدایت پر مختلف تھانوں کی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ مجموعی طور پر 10.5 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔

  • آر اے بازار پولیس نے لیڈی سپلائر سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کی۔

  • مندرہ پولیس نے تین ملزمان سے 4 کلو 890 گرام چرس برآمد کی۔

  • دھمیال پولیس نے دو ملزمان سے 2 کلو 180 گرام چرس برآمد کی۔

  • سول لائن پولیس نے ایک فرد سے 1 کلو 320 گرام چرس برآمد کی۔

تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالتوں میں چالان کیا جائے گا۔

منشیات فروشوں کو سزائیں:

معزز عدالت نے منشیات کے دو مقدمات میں ملزمان کو مجموعی طور پر 18 سال قید اور 1 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

  • مجرم پرویز کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ،

  • مجرم گل خان کو بھی 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ سنایا گیا۔

زیادتی کا واقعہ:

کہوٹہ پولیس نے 17 سالہ لڑکے سے زیادتی کے ملزم کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ مقدمہ متاثرہ لڑکے کے بھائی کی درخواست پر درج کیا گیا۔ ایس پی صدر کے مطابق ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن:

راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں جاری مہم کے دوران 16 دنوں میں 153 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کیا۔ خصوصی اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں، کیونکہ اکثر گداگر دیگر جرائم جیسے چوری، منشیات فروشی میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

آتش بازی کا سامان ضبط:

گنجمنڈی پولیس نے آتش بازی کا سامان لے جانے والے 2 افراد کو گرفتار کر کے

  • 150 سوتر گولے

  • 90 ماچس پٹاخے

  • 28 انار

  • 12 پھلجھڑیاں

  • 3 چائنا بکس

  • 2 چائنا سٹک
    برآمد کر لیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اشتہاری مجرمان گرفتار:

  • رتہ امرال پولیس نے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔

  • واہ کینٹ پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں اشتہاری کو گرفتار کر لیا جو 2022 سے مفرور تھا۔

ناجائز اسلحہ برآمد:

راولپنڈی پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ کارروائیاں صدر واہ، مندرہ اور جاتلی کے علاقوں میں کی گئیں۔

دوہرے قتل کے مجرم کو سزائے موت:

مجرم عقیل کو سابقہ رنجش پر فائرنگ کر کے خاتون اور ایک بچے کو قتل کرنے کے جرم میں معزز عدالت نے سزائے موت اور 5 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی۔ مقدمہ 2022 میں تھانہ جاتلی میں درج کیا گیا تھا۔

سی پی او کی ہدایات:

سی پی او سید خالد ہمدانی نے تمام کامیاب کارروائیوں پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن، تفتیشی اور لیگل ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ معاشرتی برائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں۔

مزید پڑھیں: سی سی ڈی کا تاج باغ میں چھاپہ: صلح شدہ دوہرے قتل کے مقدمے میں نامزد شخص کو گرفتار کر کے سیاسی مداخلت پر رہا کر دیا گیا

مزید خبریں