اتوار,  27 جولائی 2025ء
“نشہ اب نہیں” مہم ناکام، اسلام آباد پولیس کے اندر منشیات کے عادی اہلکاروں اور بھتہ خوری نے مہم کی قلعی کھول دی

اسلام آباد (رپورٹ: ایم اے) – شام کیپیٹل پولیس اسلام آباد کے آئی جی ڈاکٹر علی ناصر رضوی کی جانب سے منشیات کے خلاف شروع کی گئی مہم “نشہ اب نہیں” بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ یہ مہم پولیس فورس کے اندر منشیات کے استعمال اور لت کے مسئلے کو ختم کرنے کے لیے شروع کی گئی تھی، لیکن بدقسمتی سے یہ مقصد حاصل نہیں کر سکی۔

ذرائع کے مطابق، پولیس کے اندر 30 فیصد سے زائد اہلکار اور افسران منشیات کے عادی ہیں۔ اگر تمام اہلکاروں کے بلڈ ٹیسٹ کیے جائیں تو ان میں سے کافی تعداد میں چرس، شراب، آئس اور ہیروئن جیسی منشیات کا استعمال سامنے آئے گا، بشرطیکہ یہ ٹیسٹ ایمانداری اور رازداری سے کیے جائیں۔

منشیات فروشوں سے برآمد ہونے والی زیادہ تر منشیات پولیس اہلکار خود استعمال کرتے ہیں، اور منشیات کے اڈوں سے بھتہ وصول کرنے والے افسران کی تعداد بھی کم نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے اندر موجود کچھ افسران نہ صرف منشیات استعمال کرتے ہیں بلکہ منشیات فروشوں سے ماہانہ بھتہ بھی لیتے ہیں، جس کی وجہ سے مہم اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکی۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر اس مہم کو کامیاب بنانا ہے تو سب سے پہلے پولیس کے اندر موجود “کالی بھیڑوں” کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تاکہ منشیات کے عادی اور رشوت خور اہلکاروں کو نکالا جا سکے اور پولیس فورس کو پاکدامن بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

مزید خبریں