جمعرات,  10 جولائی 2025ء
راولپنڈی پولیس کے 11 محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات، 2100 سے زائد اہلکار تعینات

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – 11 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پر شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات نظر آئے، جن کی نگرانی سینئر پولیس افسران بذاتِ خود کر رہے تھے۔

مرکزی جلوس کے لیے 2100 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے 200 سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 8000 سے زائد افسران و اہلکار شہر میں سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور شرکاء کی مکمل باڈی سرچ کے بعد انہیں جلوس میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ جلوس کے راستوں میں گلیوں اور سڑکوں کو سیل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں 2000 سے زائد کیمروں سے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور دیگر سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہے اور سیکیورٹی امور کا جائزہ لیتے رہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق، محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید برآں، صادق آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 2.5 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح، راولپنڈی پولیس نے شراب اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا اور 14 لیٹر شراب اور ایمونیشن برآمد کیا۔ ان کارروائیوں کا مقصد شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور جرائم کا خاتمہ کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر قابل اعتراض شیئر کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون ، 18 گرفتار

راولپنڈی پولیس ترجمان نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے ہی شہر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے اور ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔

مزید خبریں