جمعرات,  10 جولائی 2025ء
راولپنڈی پولیس کی یوم عاشور پر سیکیورٹی کے مثالی انتظامات: سی پی او سید خالد ہمدانی کی قیادت میں فول پروف اقدامات

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) محرم الحرام کے دوران راولپنڈی پولیس کی جانب سے یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اور جامع انتظامات کیے گئے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی، آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک، ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار سمیت دیگر اعلیٰ افسران جلوس کی سیکیورٹی کی خود نگرانی کرتے رہے۔

دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہوا۔ راولپنڈی پولیس کی جانب سے جلوس کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے لیے 5500 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 1000 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ 1000 سے زائد رضا کار بھی سیکیورٹی میں معاونت کرتے رہے۔

جلوس کے داخلی مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے تھے اور تمام شرکاء کو مکمل باڈی سرچ کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ شہر بھر میں 2000 سے زائد سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جاتی رہی، جبکہ چھتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کیے گئے تھے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے مختلف مقامات پر جا کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے، اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز، علما، امن کمیٹی، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

دریں اثنا، کلر سیداں میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں قتل کے متعدد مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم زعفران عرف علیا ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ اشتہاری بھتہ خوری، اسلحہ سپلائی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ پولیس ٹیم پر فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا، جبکہ اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی پی او راولپنڈی نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں زیر تربیت سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور انہیں راولپنڈی پولیس کے سیکیورٹی ماڈل اور سروس ڈیلیوری سے متعلق بریفنگ دی۔ سی پی او نے شرکاء کو محرم کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور میرٹ کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

آخر میں سی پی او سید خالد ہمدانی نے پاک فوج، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، علما کرام، میڈیا، تاجر برادری اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یوم عاشور کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی پولیس چوبیس گھنٹے شہریوں کی حفاظت کے لیے سرگرم عمل ہے۔

مزید خبریں