راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقدمات میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا، منشیات فروشوں، چوروں، بلیک میلرز، اسلحہ بردار افراد اور جواریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں:
پیرودھائی پولیس نے ایک لیڈی منشیات فروش کو گرفتار کر کے 1 کلو 100 گرام ہیروئن برآمد کی، جبکہ دھمیال اور تھانہ سٹی پولیس نے مجموعی طور پر 740 گرام چرس برآمد کی۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ سی پی او خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
ہنی ٹریپ گینگ گرفتار:
چونترہ پولیس نے رشتہ کروانے کے بہانے شہریوں کو لوٹنے والے ہنی ٹریپ گینگ کے 2 خواتین اور 1 مرد کو گرفتار کر لیا۔ گینگ متاثرہ افراد کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتے تھے۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ تمام ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
چوری، نقب زنی اور ڈکیتی میں ملوث گینگ گرفتار:
مندرہ پولیس نے 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر کے 9 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد کیا، جس میں ایل ای ڈی، یو پی ایس، سلائی مشین اور موٹر سائیکل شامل ہیں۔ اسی طرح صدر واہ پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کر کے مسروقہ رقم اور موبائل فون برآمد کیا۔ رتہ امرال پولیس نے 5 رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کو دھر لیا، جن کے قبضے سے 3 موٹر سائیکل برآمد ہوئے۔
محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات:
ایس پی راول محمد حسیب راجہ اور ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کی زیر صدارت میٹنگز کا انعقاد کیا گیا، جن میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ امام بارگاہوں کے متولی اور جلوسوں کے بانیان نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
گرجا گھروں کی سکیورٹی:
راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے 450 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے، جبکہ موبائل، ایلیٹ اور ڈولفن فورسز گشت پر معمور رہیں۔ سی پی او نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا۔
اسلحہ اور شراب برآمد، 10 افراد گرفتار:
پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 26 لیٹر شراب اور ناجائز اسلحہ برآمد کر کے 10 افراد کو گرفتار کیا۔ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
جواری گرفتار:
وارث خان پولیس نے 8 جواریوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 20 ہزار 200 روپے، 9 موبائل فونز اور تاش کے پتے برآمد کیے۔ ایس پی راول نے کہا کہ قمار بازی ایک سنگین معاشرتی برائی ہے۔
راہگیروں پر حملے، 2 گرفتار:
پیرودھائی پولیس نے فائرنگ اور چاقو سے حملہ کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا، جو سابقہ رنجش کی بنیاد پر شہریوں کو زخمی کرنے میں ملوث تھے۔