راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) — سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے کرایہ داروں اور گھریلو و دیگر ملازمین کی رجسٹریشن کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ تھانے یا خدمت مرکز میں کرایہ داروں اور ملازمین کا اندراج ضرور کروائیں تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رکھا جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر کی شناخت ممکن ہو۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے کہا ہے کہ کرایہ داروں اور ملازمین کی رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اس رجسٹریشن کو لازمی سمجھیں۔
اسی طرح کلر سیداں پولیس نے ایک 8 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ متاثرہ بچے کے دادا کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا گیا اور متاثرہ بچے کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ ملزم کو عدالت میں ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
تھانہ بنی پولیس نے بھی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے متاثرہ خاتون کی بیٹیوں کو تھپڑ مارنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہا کہ گرفتار ملزم کو سخت سزا دلوانے کے لیے ٹھوس شواہد کے ساتھ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز راولپنڈی پولیس نے موثر سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ 1600 سے زائد پولیس افسران پولیو ورکرز کے ساتھ سیکورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جبکہ موبائلز، ڈولفن اور محافظ سکواڈ علاقے میں گشت کر رہے ہیں تاکہ مہم کو بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
مزید برآں، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ پانچ افراد کے قبضے سے چرس، اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ کارروائیاں مختلف تھانوں بشمول تھانہ وارث خان، دھمیال، ریس کورس، نصیرآباد، سول لائنز اور گوجر خان میں کی گئی ہیں۔ ڈویژنل ایس پیز نے کہا کہ منشيات اور ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔