حافظ آباد: گاؤں کسوکی میں دل دہلا دینے والا واقعہ ٹرنک سے دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد

حافظ آباد (شوکت علی وٹو) تھانہ کسوکی کی حدود میں واقع گاؤں کسوکی میں ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گھر سے دو کمسن بچوں کی لاشیں ٹرنک سے برآمد ہوئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بچوں کی عمریں 7 سے 10 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔لاشیں پھاکے شاہ کے گھر سے ملی ہیں۔ جان بحق ہونے والوں میں سے ایک بچہ پھاکے شاہ کا پوتا بتایا گیا ہے، جبکہ دوسرا بچہ ان کے ہمسائے علی حیدر شاہ کا بیٹا ہے۔ واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ کرائم سین یونٹ بھی موقع پر موجود ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں بچوں کو مبینہ طور پر قتل کیا گیا اور بعد ازاں لاشوں کو ٹرنک میں چھپا دیا گیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور چند مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش جاری ہے۔ واقعے کے بعد گاؤں میں مختلف چہ میگوئیاں جنم لے رہی ہیں اور عوام شدید غم و غصے کی حالت میں ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فارنزک شواہد کی روشنی میں جلد اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

مزید خبریں