راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ان کارروائیوں میں قتل، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی، قمار بازی اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
کہوٹہ پولیس کی کارروائی، قتل کا ملزم گرفتار
کہوٹہ پولیس نے رشتے کے تنازعے پر شہری سعید احمد کو قتل کرنے والے ملزم سلیمان نذیر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، جسے ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ذرائع بروئے کار لا کر ٹریس کیا گیا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کے مطابق ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
صدر واہ پولیس کا ایکشن، موٹر سائیکل چور اور اسٹریٹ کرمنلز گرفتار
صدر واہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان فہیم خان، فاد علی اور عاصم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے پانچ چوری شدہ موٹر سائیکلیں، موبائل فونز کی فروخت سے حاصل شدہ رقم 10,800 روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا کہ ملزمان کو عدالت میں ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
دھمیال پولیس کی کارروائی، قمار بازی میں ملوث 4 افراد گرفتار
دھمیال پولیس نے جوئے کی محفل پر چھاپہ مار کر چار قمار بازوں عامر، بشیر، وسیم اور سہیل کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے داؤ پر لگی رقم، موبائل فون، گھڑی اور تاش کے پتے برآمد ہوئے۔ ایس پی صدر نے قمار بازی کو معاشرتی برائیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 گرفتار، بھاری مقدار میں چرس برآمد
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے پانچ کلوگرام سے زائد چرس برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمان میں محمد عباس، یاسر، ظفر علی، شاہد اور نادر عالمگیر شامل ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والے 4 ملزمان دھر لیے گئے
ویسٹریج، روات اور چونترہ پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار افراد مجاہد، طیب نعیم، ذیشان اور جاوید کو گرفتار کرکے ان سے 30 بور پستول اور ایمونیشن برآمد کیا۔ ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس لائنز میں کرائم میپنگ اجلاس، ایس ایس پی آپریشنز کی زیر صدارت اہم ہدایات
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں کرائم میپنگ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی ایڈمن، ڈی ایس پی سی آر او اور تھانوں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ ملزمان کا ریکارڈ، تصاویر، ہسٹری شیٹ اور فنگر پرنٹس مکمل اور بروقت مرتب کیے جائیں تاکہ جرائم کی مؤثر تفتیش اور پیروی ممکن بنائی جا سکے۔
مزید پڑھیں: بنی گالہ میں مبینہ قبضہ، پولیس پر ملزمان سے تعاون کا الزام
راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔