هفته,  05 اپریل 2025ء
پشاور: بونیر کے نوجوان کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، منگیتر سمیت دو ملزمان گرفتار

پشاور (کرائم رپورٹر): کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ تاتارا کی لیڈیز پولیس کے ہمراہ ایک کامیاب کارروائی کے دوران بونیر کے نوجوان رہائشی ابرار کے اندھے قتل کا ڈراپ سین کر لیا۔ پولیس کے مطابق ابرار کے قتل میں اس کی ہی منگیتر ملوث نکلی، جس نے ساتھی ظہیر کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی کینٹ ڈویژن اعتزاز عارف کی ہدایات پر ڈی ایس پی پشتخرہ سرکل محمد اشفاق خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ تاتارا کیڈٹ قمر شہزاد اور تفتیشی افسران نے ایک ہفتے کے اندر اندر اس قتل کا کھوج لگایا۔ مقتول ابرار کے قتل کی تحقیقات کے دوران اس کی منگیتر اور دیگر رشتہ داروں کو شامل تفتیش کیا گیا۔ مقتول کی منگیتر نے اپنے متضاد بیانات کی بنا پر مزید تفتیش کے دوران حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنے منگیتر ابرار کو ساتھی ظہیر کے ذریعے قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

پولیس نے مزید تحقیقات کے دوران ملزم ظہیر کو بھی گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے اسلحہ، آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ خاتون ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

یہ واقعہ 27 مارچ کو پیش آیا تھا، جب مدعی محبت خان نے تھانہ تاتارا میں اپنے بھتیجے ابرار کے قتل کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس نے اس کے بعد قتل کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کی تھیں۔ ایس پی کینٹ ڈویژن نے اس اندھے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی اہم کارروائیاں: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، قاتلوں کی گرفتاری اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری

پولیس نے اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

مزید خبریں