راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے اشتہاری مجرمان، پتنگ سپلائرز، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں کیں اور متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، صادق آباد پولیس نے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب دو اشتہاری مجرمان عاطف اور آصف کو گرفتار کر لیا۔ یہ دونوں ملزمان مکان کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے اپنی ہمشیرہ کو زخمی کر چکے تھے۔ اس واقعہ کا مقدمہ گزشتہ سال تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا۔ اسی طرح واہ کینٹ پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم وسیم کو گرفتار کر لیا، جو رواں سال سے پولیس کو مطلوب تھا۔
گوجر خان پولیس نے پتنگ سپلائر ارسلان کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 140 پتنگیں برآمد کیں۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ پتنگ بازوں اور پتنگ سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
صدر واہ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان تنویر اور عثمان کو گرفتار کر لیا۔ تنویر سے 1 کلو 600 گرام چرس اور عثمان سے 800 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح پیرودہائی پولیس نے ملزم طیب کو گرفتار کر کے 600 گرام چرس برآمد کی۔ ان ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: دفعہ 144 کی خلاف ورزی ، عمر ایوب اور عامر ڈوگر کے وارنٹ گرفتاری
نیوٹاؤن پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم احسان اللہ کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ایک پستول 30 بور اور ایمونیشن برآمد کر لیا۔ ٹیکسلا پولیس نے ملزم یاسر کو گرفتار کر کے اس سے ایک پستول 30 بور اور ایمونیشن برآمد کیا۔ مندرہ پولیس نے بھی ایک پستول 30 بور اور ایمونیشن کے ساتھ ملزم مبین کو گرفتار کیا۔ ان تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ڈویژنل ایس پیز کا کہنا تھا کہ اشتہاری مجرمان، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے۔