راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مختلف جرائم کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کی جانب سے کلریکل سٹاف کی حوصلہ افزائی
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کی جانب سے بہترین فرائض سر انجام دینے پر کلریکل سٹاف کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے کہا کہ بہترین کارکردگی کو سراہنا اور حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے ساجد، شفقات، جنید، یاسر، کامران، کنول، یسین، نبیل، توحید، عمر، مبشر، سکندر، آصف، نشاقت، الطاف، اسد اور کانسٹیبل مسعود 4977 کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیے۔
گوجرخان پولیس کی کامیاب کارروائی، 4 رکنی گینگ گرفتار
جی ٹی روڈ اور گردونواح میں وارداتیں کرنے والے 4 رکنی گینگ کو گوجرخان پولیس نے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مسروقہ رقم 48 ہزار روپے برآمد کرلی گئی ہے۔ اس سے پہلے تھانہ مندرہ پولیس نے ملزمان سے 17 لاکھ روپے کی رقم، 3 مسروقہ موٹرسائیکل، 2 موبائل فون اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
دھمیال پولیس کی کاروائی، چوری کی رقم برآمد
دھمیال پولیس نے دو ملزمان یاسر اور شہزاد کو گرفتار کرلیا جو 2 ہفتے قبل ایک ریفرشمنٹ سینٹر میں چوری کی واردات میں ملوث تھے۔ ملزمان سے 8 لاکھ روپے کی مسروقہ رقم برآمد ہوئی۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ ملزمان کے سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔
ایس ایس پی آپریشنز کا پولیس لائنز میں کھلی کچہری کا انعقاد
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ اور انہیں سہولت فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
اشتہاری مجرم طاہر محمود گرفتار
صادق آباد پولیس نے معمولی لڑائی پر شہری کو قتل کرنے والے اشتہاری مجرم طاہر محمود کو گرفتار کرلیا۔ ملزم طاہر محمود نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بیلچے کے وار سے نصر اللہ کو قتل کر دیا تھا۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب مجرمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
نیوٹاؤن پولیس کی کارروائی، بوگس کال کرنے والا ملزم گرفتار
نیو ٹائون پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر بوگس کال کرنے والے ملزم علی حیدر کو گرفتار کیا جس نے جھوٹی اطلاع دی تھی کہ ملک آباد پلازہ میں قتل ہو گیا ہے۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ کا کہنا تھا کہ ایسی غلط کالیں شہریوں کو ایمرجنسی سہولت سے محروم کر سکتی ہیں اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں
چونترہ اور دھمیال پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے شراب اور منشیات کے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان سے بڑی مقدار میں شراب اور چرس برآمد کی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں: شہریوں کی شکایات کا فوری حل اور ملزمان کی گرفتاری
ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا۔ ایس پی راول نے کہا کہ ہوائی فائرنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔