بدھ,  19 فروری 2025ء
اسلام آباد سبزی منڈی میں قبضہ مافیا کی کارروائیاں، کاروباری برادری پریشان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد سبزی منڈی میں قبضہ مافیا اور بھتہ خوری کا راج قائم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کاروباری برادری سخت مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ سبزی منڈی میں غیر قانونی تجاوزات اور مافیا کی جانب سے روڈ کے کناروں پر غیر قانونی طور پر دھیے لگا کر کاروبار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف کاروباری افراد بلکہ عام صارفین بھی پریشانی کا شکار ہیں۔

کاروباری برادری کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ دھیے لگنے اور تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جس سے نہ صرف گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے، بلکہ پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ لوڈر گاڑیاں ٹریفک میں پھنس کر مال لوڈ اور ان لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا قانون کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے جب چاہیں روڈ پر دھیے لگا دیتے ہیں اور انتظامیہ اس پر کوئی ایکشن نہیں لے رہی۔ اس صورتحال نے کاروباری افراد کی زندگی مشکل بنا دی ہے، اور اکثر لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں۔ کاروباری شخصیات کے منع کرنے پر 40 سے 50 افراد کا جتھا ان پر حملہ کر دیتا ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی اہم کارروائیاں، شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے موثر اقدامات

کاروباری افراد نے اسلام آباد کی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جا سکے اور عوامی مشکلات کا حل نکل سکے۔

تاجر برادری کی اس اہم اپیل کے بعد انتظامیہ سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ فوری طور پر ایکشن لے کر اس مسئلے کو حل کرے گی تاکہ اسلام آباد سبزی منڈی میں کاروباری افراد کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

مزید خبریں