پیر,  07  ستمبر 2026ء
وفات حضرت ابو طالبؑ کانفرنس، سرکاری سطح پر حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے ایام منانے کا مطالبہ
وفات حضرت ابو طالبؑ کانفرنس، سرکاری سطح پر حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے ایام منانے کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حضور نبی اکرم ﷺ کے چچا اور حضرت علی المرتضیٰؑ کے والدِ محترم حضرت ابو طالبؑ کا یومِ وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر کی امام بارگاہوں میں مجالس اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی امام حسین کونسل کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں وفات حضرت ابو طالبؑ کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کی۔ کانفرنس سے علامہ ڈاکٹر حسین احمد ہمدانی، پروفیسر سلمہ خان، سبطین رضا لودھی، نعیم اکرم قریشی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ حضرت ابو طالبؑ انسانیت کے محسن تھے اور انہوں نے نادار افراد، بے سہارا خواتین اور یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے۔ علامہ ڈاکٹر حسین احمد ہمدانی نے کہا کہ تبلیغِ اسلام کے دوران دشمنانِ اسلام کی جانب سے حضور نبی اکرم ﷺ کو پیش آنے والی مشکلات میں حضرت ابو طالبؑ نے بھرپور دفاع اور سرپرستی کی۔

سبطین رضا لودھی نے حضرت ابو طالبؑ کی حضور اکرم ﷺ سے محبت اور وفاداری کو تاریخِ اسلام کا اہم باب قرار دیا، جبکہ پروفیسر سلمہ خان نے خواتین اور بچیوں کے حقوق کے حوالے سے حضرت ابو طالبؑ کی خدمات کو اجاگر کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ دخترِ رسول ﷺ حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے یومِ شہادت 13 نومبر اور یومِ ولادت 30 نومبر کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔ تقریب کی نظامت بزمِ عروجِ ادب کے صدر نعیم اکرم قریشی نے کی۔

مزید خبریں