جمعرات,  03  ستمبر 2026ء
دی لائف ریزیڈنشیا متاثرین کا نیب آفس کے باہر احتجاج، انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) دی لائف ریزیڈنشیا کے متاثرین نے اپنے مطالبات کے حق میں سید ظفر اللہ پاشا کی قیادت میں نیب آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج میں متاثرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے، جبکہ شرکاء نے اپنے حقوق کے حصول اور انصاف کی فراہمی کے لیے نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے اپنے مسائل کے حل اور رقوم کی واپسی کے منتظر ہیں، تاہم متعدد کوششوں کے باوجود انہیں تاحال انصاف نہیں مل سکا۔ متاثرین نے کہا کہ ان کی جمع پونجی اس منصوبے میں لگی ہوئی ہے اور وہ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔سید ظفر اللہ پاشا نے کہا کہ متاثرین اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے نیب حکام سے مطالبہ کیا کہ دی لائف ریزیڈنشیا کے معاملے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور فوری تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرین کی رقوم کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کو ریلیف فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہر قانونی و جمہوری راستہ اختیار کیا جائے گا۔

مزید خبریں