اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے ایڈوائزر صاحبزادہ زین سلطان سردار حمزہ عباسی نے وفاقی وزیر سید عمران شاہ سے اہم ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں کو درپیش مسائل اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سردار حمزہ عباسی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم صوبہ ہے اور اس کی ترقی ملک کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں تعلیم، روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
سردار حمزہ عباسی کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی تعاون ہی بلوچستان کے مسائل کا دیرپا حل ممکن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران شاہ نے بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے عوام کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔











