راولپنڈی(عرفان حیدر) 13 اپریل پودوں کی اہمیت کے عالمی دن کے موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پودے قدرت کا بیش قیمت تحفہ ہیں جو نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ انسانی صحت، معیشت اور ماحولیاتی توازن کے لیے بھی نہایت ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور درجہ حرارت میں اضافے جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پودے نہ صرف آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ فضائی آلودگی کو کم کرنے، درجہ حرارت کو معتدل رکھنے اور شہری ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، محلوں، پارکوں اور سڑکوں کے کنارے زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی دیکھ بھال کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی مسلسل نگہداشت بھی بے حد ضروری ہے تاکہ وہ پروان چڑھ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے مختلف شجرکاری مہمات، پارکس کی بہتری اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ جدید طریقہ کار اور عوامی شمولیت کے ذریعے شہر کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہریوں کے تعاون سے ایک صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔











