پیر,  06 اپریل 2026ء
راولپنڈی میں موسمِ بہار کی آمد، گرین بیلٹس پھولوں سے سجا دی گئیں

راولپنڈی(عرفان حیدر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی  نے موسمِ بہار کی آمد کے پیش نظر شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہوئے مختلف اہم شاہراہوں کی گرین بیلٹس کو رنگ برنگے پھولوں اور خوبصورت پودوں سے سجا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چاندنی چوک، راول روڈ اور راول چوک سمیت دیگر مقامات پر دیدہ زیب موسمی پھول لگائے گئے ہیں، جس سے شہر کا منظر مزید دلکش ہو گیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آ رہا ہے بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر ادارے کی ٹیموں نے دن رات محنت کر کے ان علاقوں کو خوبصورت شکل دی۔ حکام کے مطابق بہار کے موسم میں شہریوں کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

ادارے کی جانب سے شہر بھر میں شجرکاری اور پھولوں کی کاشت کا عمل بھی جاری ہے، جسے شہریوں نے سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے شہر کا مثبت تاثر ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔

ایم ڈی احمد حسن رانجھا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے تعاون کریں اور پودوں و پھولوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

مزید خبریں