اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد میں جی-15 تھری مین جی ٹی روڈ پر واقع کمرشل پراپرٹی کے مالکان نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائر ہاؤسنگ اتھارٹی پر بے انصافی اور دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ فضل انجینئرنگ (26 نمبر جھنگی سیداں) کے مالک محمد اعظم فضل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ اور دیگر تاجر سال 2000 سے یہاں کاروبار کر رہے ہیں اور کمرشل زمین کی رجسٹری، انتقالِ ملکیت اور دیگر قانونی ثبوت رکھتے ہیں۔
محمد اعظم فضل کے مطابق وہ ٹیکس گزار ہیں اور راولپنڈی اسلام آباد بزنس چیمبر کے رکن بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی بننے سے قبل ہی وہ اس مقام پر موجود تھے، تاہم آج تک فیڈرل ہاؤسنگ سوسائٹی کے کسی نمائندے نے نہ رابطہ کیا، نہ ادائیگی کی گئی اور نہ ہی کوئی BUP نمبر الاٹ ہوا۔ ان کا الزام ہے کہ انہیں زبردستی جی-15 تھری سوسائٹی میں دھکیلا جا رہا ہے اور زمین پر قبضے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جب کہ دھمکیوں کے باعث انہوں نے ہائی کورٹ سے حکمِ امتناع بھی حاصل کر رکھا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمرشل زمین کے بدلے کمرشل پلاٹ دیا جائے، 18 ہزار فٹ کورڈ ایریا عمارت کا 2026 کے مطابق مارکیٹ معاوضہ ادا کیا جائے اور کاروبار کی منتقلی کے لیے کم از کم تین سال کا وقت دیا جائے۔
متاثرہ تاجروں نے شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیف کمشنر محمد علی رندھاوا اور وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض پیرزادہ سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا نوٹس لیا جائے، انہیں 2026 کے مطابق منصفانہ معاوضہ دیا جائے اور ان کے کاروبار کو تباہی سے بچایا جائے۔











