راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پازیٹیو سلوشن اور ایپسکا تحصیل حسن ابدال کے باہمی تعاون سے ایک روزہ ٹیچر ٹریننگ ورکشاپ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے تین سو کے قریب اساتذہ نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد اساتذہ کو جدید تدریسی رجحانات، پروفیشنل اسکلز اور اخلاقی، سماجی و تعلیمی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا تھا۔ورکشاپ کے مرکزی ٹرینرز پوزیٹو سلوشن کے سی ای او ڈاکٹر عتیق رضا اور ممتاز تعلیمی و سماجی رہنما حاجی محمد حسین تھے۔ڈاکٹر عتیق رضا نے اساتذہ کو 21ویں صدی کے جدید تعلیمی تقاضوں، طلبہ کی شخصیت سازی، تعلیمی ٹیکنالوجی کے مثر استعمال، تدریسی مسائل کے حل اور مثبت کلاس روم کلچر کے قیام پر مفصل ٹریننگ فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ “مثر استاد وہ ہے جو بچے کو سوچنے، سمجھنے اور آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے۔”حاجی محمد حسین نے اپنے خطاب میں استاد کے اخلاقی کردار، طلبہ کے ساتھ مضبوط تعلق، تربیتِ اولاد، کردار سازی اور کلاس روم ڈسپلن کے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ “استاد کی شخصیت ہی معاشرے کا اصل تعارف ہوتی ہے۔”انہوں نے خصوصی طور پر اسلام میں صحت کا خیال رکھنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو نہ صرف ذہنی و روحانی پاکیزگی بلکہ جسمانی صحت کا بھی حکم دیتا ہے۔ صحت مند استاد ہی صحت مند نسل تیار کر سکتا ہے۔” انہوں نے اساتذہ کو صحت مند طرزِ زندگی، مثبت رویوں اور جسمانی و ذہنی توازن برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔ورکشاپ میں متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سنٹرل جنرل سیکرٹری ایپسکا پاکستان اشرف حراج، ڈویژنل صدر راولپنڈی عرفان مظفر کیانی، ضلعی صدر ایپسکا طاہر محمود درانی پازیٹو سلوشن کے اسکولز ٹریننگ پروگرام کے ہیڈ میاں اعجاز احمد سرفہرست تھے۔ دیگر مہمانوں میں صدر مرکزی سیرت کمیٹی حاجی چنگیز خان، حاجی خضر محمود، شیخ محمد رفاقت، تیمور ساجد خان، جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن ملک بشیر، چیئرمین پریس کلب حاجی محمد رفیق قادری، صدر پریس کلب سید ہاشم علی علوی، محمد دلشاد جنجوعہ، محمد وقار طاہر، وقاص احمد سمیت متعدد نمائندہ شخصیات شامل تھیں۔اختتامی سیشن میں اساتذہ میں سرٹیفکیٹس، شیلڈز اور اعزازی تحائف تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر صدر ایپسکا تحصیل حسن ابدال چوہدری وقار علی اور جنرل سیکرٹری محمد علی قریشی نے تمام مہمانوں، تربیت فراہم کرنے والے ماہرین اور ورکشاپ میں شریک اساتذہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام تعلیمی معیار کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔آئندہ دنوں میں تحصیل حضرو اور تحصیل اٹک میں بھی ایپسکا ضلعی صدر محمد طاہر درانی اور پروگرام ہیڈ اسکولز ٹریننگ پازیٹو سلوشن میاں اعجاز احمد نے کروانے کے عزم کا اظہار کیا











