راولپنڈی (عرفان حیدر) پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی نے شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ سکستھ روڈ فلائی اوور کے نیچے پیڈل ٹینس کورٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری محترمہ طاہرہ اورنگزیب تھیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر معززینِ شہر، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پی ایچ اے کے اس اقدام کو شہر کی خوبصورتی اور عوامی تفریح کے فروغ کے لیے ایک مثالی قدم قرار دیا۔
مزید پڑھیں: پی ایچ اے راولپنڈی کی نرسریز میں پودوں کے بارش سے بچائو کے لئے خصوصی اقدامات
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہا کہ ادارہ نہ صرف راولپنڈی کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے کوشاں ہے بلکہ شہریوں کے لیے صحت مند تفریحی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔
ٹینس کورٹ جدید طرزِ تعمیر اور اعلیٰ معیار کے ٹرف کے ساتھ اسٹیٹ آف دی آرٹ انداز میں تیار کیا گیا ہے، جبکہ عوام کی سہولت کے لیے کار پارکنگ اور رات کے اوقات میں کھیل کے لیے بہترین لائٹنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایچ اے راولپنڈی کی نرسریز میں پودوں کے بارش سے بچائو کے لئے خصوصی اقدامات
شہریوں نے پی ایچ اے کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔