راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور عوامی فلاح و بہبود کے موضوع پر ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرسچن سٹڈی ویلفیئر کی چیئرپرسن محترمہ فہمیدہ سلیم نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا چاہیے، یہی قائداعظم محمد علی جناحؒ کا وژن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد پاکستان میں مذہبی آزادی کی خاطر اپنا سب کچھ چھوڑ کر یہاں آئے تھے، اور آج بھی اسی جذبے کے تحت ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔
نمود سحر ویلفیئر کی چیئرپرسن محترمہ روبینہ اکبر نے کہا کہ بھائی چارے کی روایت کو برقرار رکھنا اور اسے فروغ دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہم سب کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
تقریب سے ڈاکٹر زائد احمد، سلیمہ منیر، منظور مسیح، چوہدری سلیم ممتاز، تنویر نوشاہی، عطا الرحمن اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شریک ہو کر ہی ایک پرامن اور متحد معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کو ایک دوسرے سے جڑنے، میل جول بڑھانے اور تحائف کے تبادلے جیسے مثبت اقدامات کو فروغ دینا چاہیے۔