بدھ,  09 جولائی 2025ء
حضرت امام حسینؓ کی عظیم اور لازوال قربانی تا قیامت یاد رکھی جائے گی،پیر سرکارجی   
راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) امام عالی مقامؓ اور ان کے جانثار ساتھی میدان کربلا کے حق و باطل کے معرکے میں اپنی قربانی پیش کر کے دنیائے اسلام کی رہنمائی کے لیے اپنے خون سے روشن چراغ جلا گئے،سید اشہداء کی عظیم شہادت نے مسلمانوں کے لیے ایک خصوصی درس فراہم کیا ہے کہ بندہ مومن کی معراج یہ ہے کہ راہ حق میں ضرورت پڑنے پر اپنی عزیز ترین متاع بھی قربان کر دے، حضرت امام حسینؓ کی عظیم اور لازوال قربانی تا قیامت یاد رکھی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار پیر سرکارجی نے عظیم الشان سالانہ ذکرِ سید الشہداء کانفرنس و ماہانہ گیارھویں شریف میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔پیر سرکارجی نے کہا کہ شہادت حسینؓ مسلمانوں کے لیے سرمایہ افتخار اور اس کے ثمرات امت مسلمہ کے لیے بیش بہا انمول سرمایہ ہیں۔ ہر عہد میں صدائے حسینیؓ کی گونج مسلمانوں میں دین سے وابستگی اور راہِ خدا میں قربانی کا جذبہ بیدار رکھے ہوئے ہے۔کانفرنس میں شریک علامہ مفتی محمد عمران حبیب ضیائی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یزید اپنے ظلم، جبر اور ناپاک ارادوں کے ساتھ ذلت کی عمیق گہرائیوں میں غرق ہوگیا، لیکن رسولؐ کا پیارا حسینؓ آج بھی عظیم ترین مقصد کے لیے دی گئی لازوال قربانی کی بدولت ہر عہد ہر زمانے پر راج کر رہا ہے۔ کانفرنس میں شریک علماء کرام اور مشائخ عظام کی کثیر تعداد جن میں علامہ حافظ سعید اختر صدیقی،علامہ شیر احمد چوراہی، علامہ عبدالرسول چشتی، قاری غلام سرور الحسنی، قاری مقبول حسین، قاری محمد اویس رضوی،حافظ محمد فیاض عباسی، قاری ساجد رضا قادری،قاری محمد محسن سعیدی و دیگر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا، اختتام محفل پیر سرکارجی نے ملکِ پاکستان اور افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی۔

مزید خبریں