منگل,  15 اپریل 2025ء
زہریلی مٹھائی سے متاثرہ بچوں کی لاہور منتقلی، صوبائی وزیر رمیشن سنگھ اروڑہ کی عیادت و تحقیقات کی ہدایت

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)زہریلی مٹھائی کھانے سے متاثر ہونے والے پانچ بچوں کو تشویشنا ک حالت میں چلڈرن ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ جہاں صوبائی وزیراقلیتی امور رمیشن سنگھ اروڑہ نے متاثرہ بچوں کی عیادت کی اور انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے افسران سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر متاثرہ بچوں کے ساتھ جانے والی ڈاکٹروں کی ٹیم کے سربراہ ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ نے صوبائی وزیر کو واقعہ کے بارے ابتدائی تفصیلات سے آگاہ کیااور انہیں زیر علاج متاثرہ بچوں کی موجو دہ صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈاکٹر فائق علی تارڑ نے انہیں بتایا کہ ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کی ہدایات پر فوری طور پر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم کو ڈی ایچ کیو ہسپتال طلب کر لیا گیا تھا جہاں متاثرہ بچوں کو بہتر اور معیاری علاج معالجہ کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ایم ایس چلڈرن ہسپتال کا ہدایت کی کہ متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی کمی نہیں آنی چاہیے اور انہیں ہر لحاظ سے بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب مسیحی خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انہیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔

مزید خبریں