اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد کشمیر سے بھارت کے غیرقانونی اور غاصبانہ قبضے کا خاتمہ ہو گا، عالمی برادری اور انسانی حقوق کا دم بھرنے والی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے وعدہ پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی سامراجیت کیخلاف آواز بلند کریں اور ہمیں بھی تمام عالمی پلیٹ فورمز پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار طبقے نے ہمیشہ انسانی حقوق کا استحصال کیا اور ذاتی مفادات کو فوقیت دی، ہمارے عوام کو مظلومین کشمیر کی حمایت میں ہر سطح پر آواز بلند کرنا چاہیئے، ہم کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ دین اسلام کے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں، ہم انہیں درندوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، جو طاقتیں ملک میں بدامنی، انتہاء پسندی اور مذہبی منافرت پھیلا کر ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہیں ان کا مقصد عالم اسلام کو درپیش مسائل سے دور رکھنا ہے، ہمیں ان کی سازشوں کو دانش و بصیرت سے ناکام بنانا ہو گا۔
مزید پڑھیں:پارا چنا،اشیائے خوردونوش، ادویات کی فوری فراہمی ناگزیر ہے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی