اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام “پیام کربلا غزہ کے تناظر میں” منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اہل حرم پاکستان ڈاکٹر محمد شیر سیالوی نے کہا کہ آج دنیا بھر کے مسلمان، خواہ وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق رکھتے ہوں، اس بات سے آگاہ ہیں کہ یہودیوں نے فلسطین سے مسلمانوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے غزہ میں بے یار و مددگار بچوں، بزرگوں اور خواتین کی زندگی کو تقریباً ناممکن بنا دیا ہے۔
شدید زخمی بچے بھی ہسپتالوں سے کسی قسم کے علاج کی سہولت نہیں لے سکتے کیونکہ اسرائیلی بمباریوں کے باعث ہسپتال تک تباہ ہو گئے ہیں۔آپ نے مزید کہا کہ کربلا کا واقعہ ہمیں ظلم اور جبر کے خلاف ثابت قدمی اور حق کی خاطر قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ جب حق کی حفاظت اور انصاف کی بات آتی ہے، تو ہمیں کسی بھی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔
غزہ میں جاری خونریزی، بے گناہ جانوں کا ضیاع اور انسانیت سوز مظالم نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کر دیا ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے بھی غزہ کے عوام کی بہادری اور ثابت قدمی کو سراہا اور کہا کہ غزہ کے عوام کی جرات اور استقامت ہمیں امام حسین علیہ السلام کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ ہم،اس سیمینار کے ذریعے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں اور ان کی حمایت کریں۔
ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ کربلا کا پیغام صرف ماضی کا واقعہ نہیں، بلکہ یہ آج بھی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔ ہم ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہو کر غزہ کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں جاری مظالم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ غزہ کے عوام کی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کی آواز کو بلند کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ امام حسین علیہ السلام کی قربانی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ حق کی خاطر کھڑے ہونے کا وقت کبھی ختم نہیں ہوتا۔مرکزی صدر جماعت اہل حرم پاکستان مفتی گلزار احمد نعیمی نے تمام مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
سیمینار سے پروفیسر ڈاکٹر علامہ نور حسین نعیمی، ریسرچ سکالر، حضرت علامہ میر اشتیاق احمد ایڈوکیٹ، سرپرست تحریک منہاج القرآن اسلام آباد، علامہ محمد اسلم ضیائی، صدر تنظیم ضیاء العلوم اسلام آباد، ڈاکٹر محمد شیر سیالوی، سیکرٹری جنرل جماعت اہل حرم پاکستان، اور علامہ محمد نعیم نعیمی نے خطاب کیا۔سمینار میں میاں ظہور احمد، محمد لیاقت حسین ضیائی، عبدالرشید ڈار، صبغت اللہ ہاشمی، محمد رمضان قادری، علامہ محمد سلیم بٹگرامی، علامہ نور الوہاب، قاری عامر علی نعیمی، افتخار عادل مصطفوی، محمد اشفاق گجر، ڈاکٹر اختر چشتی، اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔