اسلام آباد ( سدھیر کیانی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ظلم وبربریت پر مبنی نواسہ رسول نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر کٹوایا اور اسلام کو حیات نو بخشی اور اسلامی اقدار سے منحرف حاکم کو تاقیامت رسوا و ملیا میٹ کر دیا۔
عہد کریں کہ ہم بھی اسی راہ پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں گے، 10 محرم الحرام کے دن حضرت امام حسین ع نے ایک ظالم و فاسق حاکم کی بیعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہلِ بیت ع اور اپنے دیگر باوفا جانثاروں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش فرمائی، وہ جانثار جنہوں نے شہادت کو معرفت کے ساتھ قبول کیا۔
نواسہ رسول نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسلامی اصولوں اور حقیقی نظریات کو باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا اور نہ ہی کوئی سودا کیا، آج کے دن حضرت امام حسین، اہلِ بیت اور ان کے وفا شعار ساتھیوں نے شجاعت، بہادری اور فداکاری کی عظیم الشان مثال قائم کی اور اپنے خون سے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی، اس اندوہناک واقعہ اور اہلِ بیت ع پر بے انتہاء ظلم پر ہر باضمیر انسان کی آنکھ اشک بار ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ عاشورہ سید الشہداء ع اور خانوادہ رسول اکرم ص کی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور اس میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ظلم وجبر پر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے، امتِ مسلمہ کو حق و صداقت اور دین کی بقا اور فروغ کیلئے ڈٹ جانا چاہیے۔
خلقِ خدا کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے والی اور احکامات ِ الٰہی کی نافرمانی کرنے والی قوتوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنی چاہیے، انفرادی اور اجتماعی سطح پر حق کی سربلندی اور نصرت کے لیے صبر، استقامت اور جرات کے ساتھ جدوجہد کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے، جب ہم دین اسلام اور اسوہ امام حسین ع پر عمل پیرا ہوں گے تو یقینا اللہ تعالی کی مدد ونصرت بھی ہمارے شامل حال ہو گی اور ہم دنیا اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔
آئیں ہم آج کے عظیم دن یہ عہد کریں کہ ہم اسوہ امام حسین ع پر عمل پیرا ہونے کی بھرپور کوشش کریں گے، مظلومین غزہ کی حمایت جاری رکھیں گے اور جذبہ ایثار و قربانی سے سرشار ہو کر اپنے ہم وطنوں، کی خدمت کریں گے، دعا گو ہوں کہ خداوند متعال ہمارے ملک کو ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں تمام بلاؤ سے محفوظ رکھے۔