گوجرانوالہ (دلشادعلی) کھیالی شاہ پور ٹاؤن گوجرانوالہ اور گردونواح کے ٹاؤنز میں میڈیکل سٹورز پر نشہ آور انجکشن اور ممنوعہ ادویات سرِ عام فروخت ہونے سے پنجاب کی نوجوان نسل ایڈز، ہیپاٹائٹس بی، سی اور خونی بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گوجرانوالہ منتھلی سے اپنا مذموم مکروہ کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ڈی کیو سی بی، ڈرگ انسپکٹر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر اِکا دُکا فرمائشی کارروائی کر کے سب اوکے کی رپورٹ دینے لگے۔
یہی وجہ ہے کہ شہر بھر کے بازاروں اور گردونواح میں عطائیت میڈیکل سٹور اور کلینک کھول کر عوام الناس کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے، تاہم کبھی کبھار ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گوجرانوالہ کی کالی بھیڑیں اِکا دُکا کارروائیاں کر کے خانہ پوری کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، کھیالی شاہ پور ٹاؤن اور گردونواح میں نان کوالیفائیڈ عطائی افراد میڈیکل سٹور پر نشہ آور انجکشن اور جنسی ادویات دھڑلے سے فروخت کر رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:ن لیگ کے سینیٹر نےعمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کے لیے عام معافی کا مطالبہ کر دیا
نشہ آور انجکشن لگانے اور جنسی ادویات کھانے سے متعدد نوجوان اپنی زندگیوں کو تباہ و برباد کر چکے ہیں، عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی وزیر ہیلتھ، سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ڈرگ کنٹرولر، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ نان کوالیفائیڈ میڈیکل سٹوروں اور عطائیت کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے اور اِن کی سرپرستی کرنی والی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گوجرانوالہ کی کالی بھیڑوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، تاکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی خاطر پنجاب کی نوجوان نسل کو موذی امراض میں مبتلا ہونے اور زندگی سے ہاتھ دھونے سے بچایا جا سکے.