اسلام آباد/کراچی(روشن پاکستان نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث عارضی طور پر معطل ہونے والی فضائی سروسز بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں اور مختلف ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قطر ائیرویز 10 مارچ کو دوحہ سے اسلام آبادکے لیے پرواز چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سے قبل 9 مارچ کو قطر ایئرویز کا Boeing 787 طیارہ دوحہ سے اسلام آباد کے لیے پرواز کر چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال کے باعث بعض پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں، تاہم اب حالات میں بہتری کے بعد فلائٹ آپریشن بتدریج بحال کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور خلیجی ممالک کے لیے پروازیں ! سعودی ایئرلائنز کا بڑا اعلان
دوسری جانب گلف ائیر نے بھی 10 مارچ کو دمام سے کراچی کے لیے خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کیا ہے۔ گلف ایئر کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے بحرین سے دمام تک زمینی ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق ان خصوصی انتظامات کا مقصد خطے میں سفری مشکلات کا سامنا کرنے والے مسافروں کو جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچانا ہے۔











