اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے ، کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کا ریٹ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 400روپے اضافہ ہوا جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 3لاکھ93ہزار 700 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 915 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد 10گرام سونے کی قیمت 3لاکھ9ہزار417 روپے ہوگئی۔
جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر سے 57 ہزار سے زائد سونے کے کاروبار سے منسلک جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے جن میں سے صرف 20 ہزار جیولرز بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان میں بھی صرف 10 ہزار جیولرز نے گزشتہ سال ٹیکس ریٹرن جمع کروائے۔ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کر کے ٹیکس چوری میں ملوث ہیں، جس پر اب ادارہ سخت ایکشن لینے جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی: ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، چینی بحران سے نمٹنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلے
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں پنجاب کے 800 جیولرز کے خلاف کارروائی کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ ان میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان جیسے بڑے شہروں کے سونے کے تاجر شامل ہیں۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ کئی ہزار جیولرز تاحال ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہو رہے، جس کے باعث قومی خزانے کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ صرف جیولرز ہی نہیں، بلکہ تمام کاروباری سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹیکس نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔