اتوار,  27 جولائی 2025ء
حنیف عباسی کے متنازعہ بیان پر شدید عوامی ردعمل: اوورسیز پاکستانیوں اور سوشل میڈیا صارفین کا اظہارِ ناراضگی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے جانب سے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے بیٹوں کے متعلق دیا گیا بیان نہ صرف سیاسی حلقوں میں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل کا باعث بن رہا ہے۔ حنیف عباسی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ “عمران خان کے بیٹے پاکستان آکر حالات خراب کرنے کی بات بھول جائیں، گرفتاری چھوٹی بات ہے۔۔۔” اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین نے غیر ذمہ دارانہ، غیر اخلاقی اور انتقامی سیاست کا مظہر قرار دیا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں سمیت عام شہریوں نے اس بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بیٹے نہ صرف پاکستان کے شہری ہیں بلکہ انہیں اپنے والد کی طرح اس ملک سے گہرا لگاؤ اور محبت ہے۔ کئی صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے حنیف عباسی پر تنقید کی اور ان کے بیان کو سیاسی نفرت پھیلانے کی کوشش قرار دیا۔ ایک معروف صارف عمران شاہ نے اپنے ردعمل میں کہا، “Do you have law in Pakistan???” — جس سے یہ تاثر ملا کہ پاکستان میں قانون کی بالادستی پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ ایک اور صارف “tazeemghani” نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “یہ غیر ملکی نہیں ہیں، یہ عمران خان کے بیٹے ہیں، پاکستان کے بیٹے ہیں”، جبکہ ایک اور صارف S. Khan نے لکھا: “They are not foreigners, they are sons of Pakistani citizen — a great leader, a great man. Not a liar, he is an honest person.”

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات ملک میں سیاسی تقسیم کو مزید گہرا کرتے ہیں اور یہ جمہوری روایات کے منافی ہیں۔ عمران خان کے حامیوں کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ ان کے بیٹوں کو محض سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نشانہ بنانا کسی بھی طور درست نہیں اور یہ عمل سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حنیف عباسی اپنے الفاظ واپس لیں اور ان لوگوں سے معذرت کریں جنہیں ان کے بیان سے دکھ پہنچا ہے۔ متعدد شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں نے عدالتوں اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر ذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لیا جائے اور سیاست میں نفرت انگیز زبان کے استعمال کو روکا جائے، تاکہ جمہوریت، رواداری اور آئینی اقدار کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، سابق گورنر عمران اسماعیل کے ورانٹ گرفتاری جاری

مزید خبریں