لاہور(روشن پاکستان نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عَظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ راولپنڈی کی اڈیالا جیل کے حوالے سے بہت سنجیدہ تھریٹ الرٹ ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگومیں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو اڈیالا جیل سے کہیں اور منتقل کرنے کی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالا جیل کے حوالے سے بہت سنجیدہ تھریٹ الرٹ ہے، کچھ دن پہلے دہشت گرد پکڑے گئے جن کے پاس اڈیالہ جیل کے نقشے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں بیٹھ کر انتخابی عمل گزارا، اگر ہم نے روکنا ہوتا توپہلے روک دیتے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کےلوگ پاکستان کے اداروں کیخلاف مہم چلاتے ہیں،ظل شاہ کو اس کی اپنی پارٹی کے لوگوں نے کچلا ،سب جانتے ہیں ظل شاہ کو کس کی گاڑی میں ہسپتال پہنچایا گیا۔
لیگی رہنماکامزیدکہناتھاکہ شاندانہ گلزار نے وزیر اعلیٰ پنجاب پر بے سروپا الزام لگایا،شاندانہ گلزار اپنے الزامات کے ثبوت دیں،لاشوں پر سیاست کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، جھوٹے پروپیگنڈا کی حد ہو گئی ہے،اب الزامات کی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔
عظمیٰ بخاری کاکہناتھاکہ پی ٹی آئی کو عورت کارڈ اب استعمال نہیں کرنے دیں گے،سیاسی پارٹی سے تعلق ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کچھ بھی کہہ دیا جائے،پی ٹی آئی کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،مسلم لیگ ن آزادی اظہار کی سب سے زیادہ حامی ہے۔











