اتوار,  17 مئی 2026ء
ماہ صیام،چکوال کی ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام

چکوال(روشن پاکستان نیوز)ماہ صیام کا آغاز ہو چکا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ چکوال شہریوں کو ریلیف دینے میں ناکام نظرآنے لگی ہے، شہر میں بنائے گئے سہولتوں سے عاری بازار ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کا آغاز ہو چکا ہے لیکن مہنگائی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی، دوسری جانب ضلعی انتظامیہ بھی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔

شہر سے کوسوں دور باہر بنائے گئے ایک رمضان بازار میں حالت زار یہ ہے کہ یہاں پر مکمل طور پر ویرانی ہے اس کی بنیادی وجہ ایک تو یہ شہر سے دور بنایا گیا ہے دوسرا اس رمضان بازار کے اندر محض ایک ایسا سٹال لگایا گیا ہے جس میں محض چند روپوں کا فرق ہے ۔

اس سستے رمضان بازار سے شہری عدم دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، بڑی وجہ اس بازار میں آنے کے لیے شہر کا شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہے اس کے بعد ہی وہ ایک کلو پیاز اور ایک کلو آلو خرید سکتا ہے عام مارکیٹ میں حالات انتہائی ابتر دکھائی دیتے ہیں۔

سبز مصالحہ جات، فروٹس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ پیاز کی قیمت 300 سے ساڑھے تین سو روپے کلو ٹماٹر 200 سے 250 سو روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

ادرک اور لہسن سات سو سے 800 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا یہ کہنا ہے کہ اگر ان کو ریلیف فراہم کرنا تھا تو رمضان بازار کو شہر کے وسط میں قائم کیا جانا چاہیے تھا اور دوسرا عام مارکیٹ کے جو حالات ہیں ان کو بھی بہتر کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جو کہ پوری نہیں کی جا رہی۔

مزید خبریں