گوجرانوالہ(دلشاد علی )ماہ رمضان کی آمد آمد ہے اس سلسلہ میں صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے، کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ صارفین کے حقوق کا محافظ ہے جس کی آگاہی ہر فرد تک پہنچائیں گے، اس سلسلہ میں تمام یونیورسٹیز، کالجز اور تمام پبلک مقامات، مارکیٹوں پر آگاہی دی جائے تا کہ لوگوں کو غیر معیاری پروڈکٹس اور سروسز کے حوالے سے شکایات کا اندراج کر سکیں
ٍِان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر طارق حسین قریشی نے کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) مطاہر امین وٹو، (جنرل) شبیر حسین بٹ، (فنانس اینڈ پلاننگ)سمیرا عنبرین، اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی وقاص سکندری، کامونکی خرم مختار بھنگو، وزیر آباد محمد سلیم آسی، نوشہرہ ورکاں نوید حیدر، ہیڈ کوارٹر عثمان سکندر)، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر معیز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل عاصم اعوان، تحصیلدارسیف اللہ ڈھلوں، محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندے شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کو فعال بنا کر ناقص سروسز، غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے،محکمہ تعلیم اور صحت کے ذریعے صارفین کے حقوق کا پیغام ہرفرد اور ہر گھر تک پہنچایا جائے،تمام اسسٹنٹ کمشنرز اس ایکٹ کے تحت زیادہ سے زیادہ کاروائیاں کریں تاکہ شہریوں کو معیاری خدمات، اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
صارفین عطائی ڈاکٹرز، غیر مستند حکماء، ضروری اشیاء کی خریداری کے بل کی عدم ادائیگی سمیت دیگر خدمات، مصنوعات کی شکایات آن لائن بذریعہ لنک Consumerservice.punjab.gov.pk یا Consumer court App اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں درج کراسکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 قانون ہذا کے تحت عام صارفین کے نوے فی صد مسائل کا حل موجود ہے۔ عوام الناس کو چاہیئے کہ وہ بطور صارف اپنے حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہ ہوں اور غیر معیاری خدمات و مصنو عات کے خاتمہ اور ایک خوشحال معاشرہ کی تشکیل کیلئے ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 سے استفادہ کریں اور اپنی شکایات کے ازالہ کے لئے وہ کنزیومر کونسل اتھارٹی اور کنزیومر کورٹ سے رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کا ٹال فری نمبر کے بورڈز اور کارڈز ہر دوکان، ہوٹلز، بیکری کے علاوہ تمام متعلقہ دکانوں کاروباری مراکز پر آویزاں کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے علاوہ تحصیل سطح پر بھی اسسٹنٹ کمشنرز تحفظ صارف قانون کے تحت کاروائیاں کریں اور عوام الناس میں ان کے حقوق کے حوالے سے بھرپور آگاہی اجاگر کریں۔
اجلاس میں 15 مارچ یوم تحفظ صارف کی تیاریوں اور عوام الناس میں صارفین کے حقوق کی زیادہ سے زیادہ آگاہی بارے مختلف ذرائع ابلاغ بروئے کار لانے بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممبران نے بھی یوم صارف کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں