منگل,  26 نومبر 2024ء
عالمی یوم خواتین کے موقع پر ویمن یونیورسٹی باغ میں سیمینار اور ریلی کا انعقاد ،مختلف شعبہ زندگی تعلق رکھنے والے لوگوں کی شرکت

آزاد کشمیر / باغ ( روشن پاکستان نیوز ) عالمی یوم خواتین کے موقع پر ویمن یونیورسٹی باغ میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔سیمنار میں سینکڑوں طالبات ، ڈاکٹرز ، پروفیسرز سمیت حریت پسند راہنماؤںنے شرکت کی ،سیمینار سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے کشمیری خواتین کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق عالمی یوم خواتین کے موقع پر کشمیری خواتین کے حقوق اور ان پر بھارتی فوجیوں کے مظالم کے حوالے سے ویمن یونیورسٹی باغ کے شعبہ سوشل سائنس بلاک میں پاسبان حریت کے زیر اہتمام ریلی اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں طالبات نے شرکت کی جبکہ یونیورسٹی کے ڈاکٹرز ، پروفیسرز ، فیکلٹی ممبران نے شرکت کی ۔

سیمنار کے مہمان خصوصی چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی تھے اور صدارت ڈاکٹر پروفیسر سمیع اللہ نے کی ، سیمنار میں شریک طالبات نے کشمیری خواتین کے حقوق کیلئے بھی بھرپور نعرے بلند کیئے۔

سیمینار سے عزیر احمد غزالی ، ڈاکٹر سمیع اللہ ، ڈاکٹر شازیہ خاتون ، ڈاکٹر مسعود انور ، عثمان علی ہاشم ، ساجل خالد اور ایمن سبیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے دنیا کی نام نہاد جمہوریت بھارت میں کروڑوں مسلم خواتین اور لاکھوں کشمیری خواتین بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر سایہ پروان چڑھ رہی ہندو انتہا پسند تنظیموں کے دہشت گرد اور افواج خواتین پر جان لیوا حملے ، جنسی تشدد اور مظالم ڈھا رہے ہیں ۔

مقررین نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری خواتین پر بدترین حملوں کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے ۔ مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیری خواتین پر بھارتی فوجیوں کے دہشت پسندانہ حملوں کو روکنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے ۔

مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ممالک ، ادارے اور فورمز کو فلسطین و غزہ اور کشمیر میں خواتین کی آواز سننا چائیے۔ جہاں قابض ، غاصب اور سامراجی طاقتوں بھارت اور اسرائیل کی دہشت پسند فوجیں مسلم خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

مقررین نے سیدہ آسیہ اندرابی ، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین ، نسیمہ اختر ، شبروزہ بانو ، حنا بشیر سمیت دیگر قیدی کشمیری خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا جو بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر بھارتی بربریت کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو خواتین پر حملوں کے جرائم کی پاداش میں عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ ویمن یونیورسٹی کی طالبات نے کشمیری خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیئے ریلی کا انعقاد کیا ۔

مزید خبریں