کراچی(روشن پاکستان نیوز) کراچی میں فلور ملز مالکان کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں فلور ملز مالکان کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں پر مزید معاشی بوجھ پڑنے لگا ہے اور روٹی و نان بھی غریب کی پہنچ سے دور ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 6 روپے فی کلو تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ہول سیل مارکیٹ میں ڈھائی نمبر آٹا 163 روپے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں 170 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے۔
پاکستانیوں کے لیے رومانیہ میں کاروبار کے نئے دروازے کھل گئے
فلور ملز مالکان نے فائن آٹے کی قیمت میں 12 روپے فی کلو کا نمایاں اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ہول سیل مارکیٹ میں فائن آٹا 183 روپے اور ریٹیل میں 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں چکی کا آٹا 200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ مارکیٹ میں برانڈڈ آٹے کی قیمت 220 سے 230 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم پہلے ہی 147 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، اور اس اتنی مہنگی گندم کی خریداری کے بعد سستا آٹا فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کا مزید کہنا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اب براہِ راست آٹے کی پیداوار اور عام صارف پر پڑ رہے ہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔











