انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کاکول میں کرکٹرز فوجی تربیت حاصل کریں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی حکام کرکٹرز کی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے جلد منصوبہ بندی کریں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آ رہی ہے، قومی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ، آئرلینڈ اور امریکا اور ویسٹ انڈیز جا رہی ہے۔ ٹریننگ کے لیے وقت نکالنا مشکل تھا لیکن 25 مارچ سے 8 اپریل تک کرکٹرز کاکول (ملٹری اکیڈمی) میں کیمپ لگائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ لاہور میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نویں سیزن کے میچز کے دوران مجھے نہیں لگتا کہ آپ میں سے کسی نے اسٹینڈ میں چھکا لگایا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوچنگ اسٹاف کی تعیناتی کے لیے بھی رابطے میں ہیں، بہترین دستیاب لوگوں کو رکھا جائے گا۔
اب قومی ٹیم کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ہوگا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دینے کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔