جمعرات,  22 اکتوبر 2026ء
سونے کی عالمی قیمت دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 1.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی اونس قیمت 4 ہزار 85 ڈالر کی سطح پر آگئی، جو 14 اکتوبر کے بعد کم ترین سطح ہے۔

ایشیائی تجارتی سرگرمیوں کے دوران اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.3 فیصد کمی کے بعد 4,085.29 ڈالر فی اونس ہوگئی، جب کہ دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 1.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,100.90 ڈالر فی اونس پر آگئے۔

سونا مزید مہنگا ہوگیا، فی تولہ قیمت کہاں تک پہنچ گئی؟

ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔ توانائی کی قیمتیں بلند رہنے سے مرکزی بینک شرحِ سود طویل عرصے تک زیادہ سطح پر برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اس صورت میں سونے میں سرمایہ کاری کی کشش کم ہوجاتی ہے، کیونکہ سونا اپنے خریداروں کو سود یا باقاعدہ منافع نہیں دیتا۔

تکنیکی تجزیہ کاروں کے مطابق سونے کے لیے 4,073 ڈالر فی اونس کی سطح اہم سپورٹ ہے، جب کہ 4,135 ڈالر کی سطح عبور کرنے کی صورت میں قیمت 4,150 سے 4,169 ڈالر فی اونس تک جاسکتی ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسپاٹ چاندی 3.3 فیصد گر کر 56.05 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 2.2 فیصد کمی کے بعد 1,593.05 ڈالر فی اونس اور پیلیڈیم 2.7 فیصد کمی کے ساتھ 1,057.32 ڈالر فی اونس پر آگیا۔

مزید خبریں