نیودہلی(روشن پاکستان نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ویڈیو پیغام میں بھارتی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ “بیرون ملک شادیاں اور سیر و تفریح پر جانا بند کریں۔”
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے انتہائی جذباتی انداز میں دعوٰی کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں کہ ہم نے 7.8 فیصد ترقی کرلی، پورا دیس خوشیوں سے بھر گیا ہے، بھارت ترقی کررہا ہے۔
واضح رہے کہ نریندر مودی ایک طرف تو خوشحالی کے دعوے کررہے ہیں مگر دوسری جانب انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں گریجویٹ نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح 15 سے 25 سال کی عمر کے گروپ میں بلند ترین سطح (تقریباً 40 فیصد) پر برقرار ہے جبکہ چند ماہ قبل ہی بھارت کی مرکزی ٹریڈ یونینز اور کسان تنظیموں کے اشتراک سے ملک گیر ہڑتالیں اور ‘بھارت بند’ کی کالیں دی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ حال ہی میں نیٹ اور دیگر مقابلے کے امتحانات میں مبینہ پیپر لیک اور بدعنوانیوں کے خلاف دہلی کے جنتر منتر سمیت ملک بھر میں طلبہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر مظاہرے اور بھوک ہڑتالیں دیکھی گئیں۔ ان مظاہروں میں طلبہ نے کھل کر سنگین مسائل پر باتیں کیں جو دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں۔
نریندر مودی کا ویڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا جنگوں سے اور مسائل سے گھری ہوئی ہے، کورونا کے دنوں سے لے کر اب تک کہیں بھی خوشحالی نظر نہیں آرہی ہے اس سب کے باوجود بھارت بہت تیزی سے ترقی کررہا ہے۔
’یہ گمراہ بچے ہیں‘، مودی کا جنتر منتر پر احتجاج کرنیوالوں کو معاف کرنے کا اعلان
انہوں نے بھارت میں اپنے مسائل کے لیے احتجاج کرنے والوں کو بالواسطہ طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ترقی اور خوشحالی کے باوجود دوسری طرف بھارت کے اندر کچھ لوگ جھوٹ کے ذریعے بے چینی اور افراتفری پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں لیکن ان سب منفی چیزوں کے باوجود بھارت نے 7.8 فیصد ترقی حاصل کی ہے۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرحِ نمو 7.8 فیصد رہی، تاہم معاشی ماہرین اور ریٹنگ ایجنسیوں کا اندازہ ہے کہ ایندھن کی مہنگائی اور موسمیاتی اثرات کے سبب سالانہ جی ڈی پی کی نمو سست ہو کر6.7 تک ہوسکتی ہے۔
بھارتی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس ترقی کی راہ پر چلتے رہنا ہوگا اورصرف بھارت کے لیے سوچنا ہوگا۔
نریندر مودی نے کہا کہ ہمیں بھارتی معیشت کی خاطر مقامی کاروبار کو فروغ دینا ہوگا اور اس کے لیے ہمیں غیر ملکی سیر و تفریح کو ختم کرنا ہوگا، جو لوگ بیرون ملک شادیاں کرتے ہیں، انہیں یہ کام ختم کرنا ہوگا، ہمیں ‘میڈ ان انڈیا’ کے منتر کو جینا چاہیے۔ انہوں نے عوام کو زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اور ضرورت نہ ہو تو ہمیں سونا بھی نہیں خریدنا چاہیے۔











