جمعرات,  13  اگست 2026ء
کمیونٹی رہنما ابو غالب کی دوسری برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نامور ادبی، سیاسی و سماجی شخصیت محمد یونس ابو غالب کی دوسری برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائے خیر کا اہتمام کیا گیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وسیم ساجد کی جانب سے منعقدہ دعائیہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

شرکاء نے مرحوم محمد یونس ابو غالب کی کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔

تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خالد رانا، یوسف خالد، سردار رزاق، محمد قیصر، وقار نسیم وامق، الیاس رحیم اور دیگر نے کہا کہ مرحوم ابو غالب نے اپنی علمی، ادبی، سیاسی اور سماجی خدمات کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد، رہنمائی اور مثبت کردار کو فروغ دیا۔

مقررین نے کہا کہ ابو غالب ایک فعال کمیونٹی لیڈر تھے اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے، شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ محمد یونس ابو غالب کی خدمات کو یاد رکھنا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا پاکستانی کمیونٹی کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے اختتام پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں