نیویارک(روشن پاکستان نیوز) دنیائے کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا فٹبال ورلڈکپ کا اختتام اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان فائنل سے ہوگا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا اور دنیا بھر میں مداح اپنی پسندیدہ ٹیموں کو سپورٹ کریں گے۔
نیویارک میں ہونے والے فائنل سے قبل ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو جبکہ اسپین نے فرانس کو شکست دی تھی۔
یہ 2010 میں ورلڈکپ جیتنے کے بعد پہلی بار ہے جب اسپین نے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اور مجموعی طور پر یہ اس کا دوسرا ورلڈکپ فائنل ہے۔
اس کے مقابلے میں ارجنٹینا 7 ویں بار ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا ہے اور سابقہ 6 میں سے 3 فائنلز (1978، 1986 اور 2022) میں اس نے ٹرافی کو جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔
یہ ممکنہ طور پر ارجنٹینا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کا بھی آخری ورلڈکپ میچ ہوگا اور مداحوں کو توقع ہے کہ وہ مسلسل دوسری بار ایونٹ جیتنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔
مگر ایک سپر کمپیوٹر نے فائنل کی فاتح ٹیم کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔
اوپٹا سپر کمپیوٹر نے پیشگوئی کی ہے کہ اسپین کی ٹیم ممکنہ طور پر دوسری بار ورلڈکپ جیتنے میں کامیاب ہوگی۔
اوپٹا سپر کمپیوٹر بنیادی طور پر کوئی روایتی فزیکل کمپیوٹر نہیں بلکہ یہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایسا ماڈل ہے جو کھیلوں کے ایونٹس کی پیشگوئیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ ماڈل ڈیٹا کی بنیاد پر کسی میچ کو ہزاروں بار ڈیجیٹل طور پر سیمولیٹ کرتا ہے اور پھر پیشگوئی کرتا ہے کہ کسی ٹیم کی کامیابی کے کتنے فیصد امکانات ہوتے ہیں۔
تو اس سپر کمپیوٹر نے 25 پزار سیمولیشنز کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈکپ اسپین جیت سکتا ہے۔
سمولیشن کے مطابق اسپین کی کامیابی کا امکان 59.6 فیصد ہے جبکہ ارجنٹینا کی کامیابی کا امکان 40.4 فیصد ہے۔
سپر کمپیوٹر کے مطابق 45 فیصد امکان یہ ہے کہ اسپین کی ٹیم مقررہ 90 منٹ کے اندر ہی میچ اپنے نام کرلے گی جبکہ ڈرا ہونے کے باعث اضافی وقت کا امکان 29 فیصد ہے۔
مقررہ وقت میں ارجنٹینا کی کامیابی کا امکان 26 فیصد ہے۔











