اتوار,  12 جولائی 2026ء
پمز اسپتال میں مریضوں کو لوٹنے والا دو رکنی گروہ گرفتار

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے پمز اسپتال میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے موبائل فون، پرس اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرنے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او کراچی کمپنی اور اے ایس آئی عارف حسین کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے پمز اسپتال میں سرگرم چوری کرنے والے گروہ کے دو ملزمان سید ثوبان احمد شاہ اور سید سعد فیضان شاہ پسران سید طارق حسین شاہ، ساکنان سیکٹر G-6/1-4 اسلام آباد، کو گرفتار کیا۔

ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان پمز اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو نشانہ بناتے تھے اور موقع پا کر ان کے موبائل فون، پرس اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر لیتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مزید وارداتوں اور دیگر ساتھیوں کے بارے میں اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن افراد کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں