هفته,  11 جولائی 2026ء
راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں، قتل، ڈکیتی، چوری اور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، ڈکیتی، چوری، اشتہاریوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مسروقہ سامان، منشیات، شراب اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

ٹیکسلا پولیس نے 15 پر موصول ہونے والی کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیرت کے نام پر میاں بیوی کو مبینہ طور پر زبردستی زہر دینے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس پر فائرنگ کے دوران ایک ملزم زخمی بھی ہوا۔ متاثرہ میاں بیوی کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شوہر افضل دم توڑ گیا، جبکہ خاتون کی جان بچا لی گئی اور وہ زیر علاج ہے۔ مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تھانہ نصیر آباد پولیس نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے دو موٹر سائیکل سوار ملزمان کا تعاقب کیا، جس کے دوران ایک ریکارڈ یافتہ ڈاکو عثمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے چند روز قبل شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔

ریس کورس پولیس نے چار روز قبل گھریلو رنجش پر اپنی والدہ کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ وارث خان پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمے میں 2025 سے مطلوب اشتہاری کو بھی گرفتار کر لیا۔

پمز ہسپتال کے اطراف جعلی پولیس اہلکار بن کر وارداتیں کرنے والا ملزم گرفتار

دوسری جانب مختلف تھانوں کی پولیس نے کارروائیوں کے دوران پانچ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے شراب اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔

ادھر پوٹھوہار ڈویژن پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث تین گینگز کے چار ملزمان کو گرفتار کر کے 6 مسروقہ موٹر سائیکلیں، طلائی زیورات، ایک لاکھ 20 ہزار روپے نقدی، دو ایل سی ڈیز، موبائل فون اور ایک ڈیسک ٹاپ برآمد کر لیا۔

دریں اثنا، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے انٹرا اسکواڈ میچز کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے ہیں، جبکہ ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ اور ضلعی پولیس مسلسل گشت پر مامور ہیں۔

مزید خبریں