اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ مجموعی طور پر 6 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 513.7 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع ایک کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران شاپنگ بیگ میں چھپائی گئی 2.7 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
ایک اور کارروائی میں جی ٹی روڈ، پشاور کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 34.8 کلوگرام چرس بھی قبضے میں لے لی گئی۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار
دوسری جانب ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں ایک کمپاؤنڈ پر کارروائی کے دوران 475 کلوگرام افیون، 400 کلوگرام ممنوعہ مواد، ایک ایل ایم جی بمعہ 110 راؤنڈ اور دو ایس ایم جیز بمعہ 60 راؤنڈ برآمد کیے گئے۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے حوالے سے انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔











