اتوار,  28 جون 2026ء
واٹس ایپ کا نیا حیرت انگیز فیچر، اب کوئی فراڈ نہیں کر سکے گا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) واٹس ایپ نے فراڈ یا مشکوک پیغامات سے محتاط رہنے اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جو چیٹ کھولنے سے پہلے ہی نامعلوم نمبرز کے بارے میں آگاہ کرے گا، یہ فیچر دوسرے ممالک میں رجسٹرڈ نمبرز کی نشان دہی کرے گا تاکہ صارفین فراڈ یا مشکوک پیغامات سے محتاط رہ سکیں۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق ایپلی کیشن کمپنی نے ایک نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرا رہا ہے، جس کا مقصد صارفین کو کسی بھی چیٹ کو کھولنے سے پہلے مشتبہ رابطوں کی شناخت میں مدد فراہم کرنا ہے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس، دونوں ڈیوائسز پر دستیاب ہوگا۔ اس کے تحت اگر کوئی صارف ایسے فون نمبر کے ساتھ چیٹ شروع کرنے یا کھولنے کی کوشش کرے جو اس کے رابطوں (کانٹیکٹس) میں محفوظ نہ ہو، تو چیٹ کھلنے سے پہلے ایک انتباہی اسکرین ظاہر ہوگی۔

WABetaInfo کے مطابق، یہ انتباہی اسکرین چیٹ کھلنے سے پہلے ظاہر ہوتی ہے، جس میں نامعلوم رابطے کے بارے میں اضافی معلومات فراہم کی جاتی ہیں اور صارف کو یہ جانچنے کی ترغیب دی جاتی ہے کہ آیا یہ رابطہ حقیقی اور قابلِ اعتماد ہے یا نہیں۔

اس تازہ ترین اپ ڈیٹ سے واٹس ایپ کے پہلے سے موجود سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بن جائیں گے، جن کا مقصد دھوکے بازوں کے لیے صارفین کو فریب دے کر ان کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنا مزید مشکل بنانا ہے۔

دھوکے باز عموماً پاس ورڈ چرانے کی بجائے سوشل انجینئرنگ کے طریقے استعمال کرتے ہیں۔ وہ صارفین کو اس بات پر آمادہ کرتے ہیں کہ وہ خود تصدیقی (ویریفیکیشن) کوڈ درج کریں یا ایسی درخواست کی منظوری دیں، جس سے مجرم اپنے کسی دوسرے ڈیوائس کو صارف کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کر سکیں۔

نیا سیکیورٹی فیچر اس مرحلے سے پہلے مداخلت کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ صارفین ایسے اقدامات مکمل نہ کریں جن سے دھوکے بازوں کو ان کے اکاؤنٹ تک رسائی مل سکتی ہے۔

ویب سائٹ نے کہا ’’واٹس ایپ کا یہ سیکیورٹی فیچر، جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں پر دستیاب ہے، دھوکے بازوں کے لیے لوگوں کو اکاؤنٹ تک رسائی دینے پر آمادہ کرنا مزید مشکل بنا دے گا۔ دھوکے بازوں کو آپ کے پاس ورڈ کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ آپ خود ایک کوڈ درج کریں یا کسی چیز کی تصدیق کر دیں۔ واٹس ایپ عین اس لمحے مداخلت کرتا ہے، جب وہ کوڈ انھیں آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی دینے والا ہوتا ہے۔‘‘

واٹس ایپ کے نئے فیچر نے صارفین کو تجسس میں مبتلا کر دیا

اس اپ ڈیٹ کے تحت انتباہی اسکرین نامعلوم رابطے سے متعلق مفید معلومات بھی دکھاتی ہے، جن میں فون نمبر کا کنٹری کوڈ اور یہ معلومات شامل ہوتی ہیں کہ آیا صارف اور بھیجنے والے کے درمیان کوئی مشترکہ واٹس ایپ گروپ موجود ہے یا نہیں۔ ان معلومات کا مقصد صارفین کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دینا ہے کہ گفتگو شروع کرنے سے پہلے متعلقہ رابطہ حقیقی معلوم ہوتا ہے یا نہیں۔

اگر صارف کو کوئی رابطہ مشتبہ محسوس ہو تو اسے چیٹ کھولے بغیر ہی اس نمبر کو فوری طور پر بلاک کرنے یا رپورٹ کرنے کا اختیار بھی دیا جاتا ہے۔ اس سے پہلے واٹس ایپ کے بعض حفاظتی اقدامات صرف اس وقت ظاہر ہوتے تھے جب صارف پہلے ہی چیٹ کھول چکا ہوتا تھا۔

انتباہ کو پہلے مرحلے پر منتقل کر کے واٹس ایپ کا مقصد صارفین کو زیادہ وقت اور زیادہ معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ نامعلوم رابطوں کے ساتھ بات چیت شروع کرنے سے پہلے سوچ سمجھ کر فیصلہ کر سکیں۔ یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں