ملک بھر میں اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 12 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 9 کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 102.848 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر واقع ایک کورئیر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 10 جیکٹس میں جذب کی گئی 12.3 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

لاہور ایئرپورٹ پر قطر جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 509 گرام وزنی 70 آئس اور 111 گرام وزنی 13 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کیے گئے، جبکہ جناح ایئرپورٹ پر قطر جانے والے ایک اور مسافر کے سامان میں موجود آموں کے کریٹ سے ایک کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

گوندلانوالہ روڈ گوجرانوالہ کے قریب موٹر سائیکل سوار اور ایک گھر پر چھاپے کے دوران 60 کلوگرام چرس برآمد کر کے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان قرض معاہدے پر دستخط

چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب ایک ویگن سے 4.250 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح شاہین ٹاؤن راولپنڈی میں ایک رکشے سے 14.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ فتح چوک حیدرآباد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔

علاوہ ازیں، ضلع جہلم کے بس ٹرمینل کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 1.8 کلوگرام چرس اور 78 گرام آئس برآمد کی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں