کراچی د(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے گردآلود آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بارشوں، گرد آلود آندھی، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے الگ الگ ہائی الرٹ جاری کر دیے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گرد آلود آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
تاہم شہرِ قائد میں موسم شدید گرم اور مرطوب ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچنے کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جنوب مغرب سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں 22 جون تک شدید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی
گلگت بلتستان کے اضلاع جگلوٹ، اسکردو، شگر، اور حسینی آباد کو انتہائی حساس قرار دیدیا گیا ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف حصوں سمیت خیبر پختونخوا کے اضلاع لوئر چترال، لوئر کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک گیر انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 جون تک پنجاب، خیبر پختونخوا (کے پی)، گلگت بلتستان (جی بی)، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے مختلف ندی نالوں اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
مقامی انتظامیہ اور آفات سے نمٹنے والے اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔











