واٹس ایپ کی گروپ کالنگ سے متعلق بڑی اپ ڈیٹ، فیچر متعارف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) واٹس ایپ نے بڑی اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ویب پر بھی گروپ وائس اور ویڈیو کالز کو ممکن بنا دیا ہے اب 32 افراد تک ایک ساتھ واٹس ایپ ویب کال میں شامل ہوسکیں گے۔

ویسے تو واٹس ایپ کے ویب ورژن میں متعدد فیچرز دستیاب ہیں جو موبائل ایپس میں استعمال کیے جاتے ہیں، مگر اب تک اس میں گروپ وائس اور ویڈیو کالز کی سہولت دستیاب نہیں تھی۔

Wabetainfo کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے ویب ورژن میں گروپ وائس اور ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کرانے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد صارفین براہِ راست براؤزر کے ذریعے گروپ کالز کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری میں واٹس ایپ نے پہلی بار ویب کلائنٹ پر انفرادی وائس اور ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کرائی تھی، جس کے ذریعے صارفین ڈیسک ٹاپ ایپ انسٹال کیے بغیر اپنے براؤزر سے کال کر سکتے تھے، تاہم اس وقت یہ سہولت صرف انفرادی چیٹس تک محدود تھی جبکہ گروپ کالنگ پر کام جاری تھا۔

ایران سے مذاکرات، ٹرمپ نے پیوٹن کو اہم یقین دہانی کروا دی

اب واٹس ایپ نے اس فیچر کو مزید وسعت دیتے ہوئے ویب ورژن پر گروپ وائس اور ویڈیو کالنگ کی آزمائش شروع کر دی ہے، ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت بیٹا صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے وہ براہِ راست گروپ چیٹ سے کال کا آغاز کر سکتے ہیں۔

صارفین گروپ چیٹ کھولنے کے بعد اوپر موجود کال بٹن پر کلک کرکے وائس یا ویڈیو کال کا انتخاب کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ انہیں یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ پورے گروپ کے بجائے مخصوص اراکین کو کال میں شامل کریں۔

واٹس ایپ کے مطابق ویب ورژن پر گروپ کالز میں بیک وقت 32 افراد شرکت کر سکیں گے، جو موبائل اور ڈیسک ٹاپ ایپ پر موجود حد کے برابر ہے۔ یہ حد وائس اور ویڈیو دونوں اقسام کی کالز پر لاگو ہوگی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ویب پر کی جانے والی تمام گروپ کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے محفوظ ہوں گی، جس کے باعث کال میں شامل افراد کے علاوہ کوئی بھی، حتیٰ کہ واٹس ایپ یا اس کی مالک کمپنی میٹا بھی گفتگو تک رسائی حاصل نہیں کرسکے گی۔

واٹس ایپ کے مطابق کالز کی سیکیورٹی کے لیے سگنل پروٹوکول استعمال کیا جا رہا ہے، جو پہلے ہی ایپ کے پیغامات اور کالز کو محفوظ بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس کے علاوہ ویڈیو کالز کے دوران اسکرین شیئرنگ کی سہولت بھی دستیاب رہے گی۔

ماہرین کے مطابق نئے فیچر سے واٹس ایپ ویب کا تجربہ موبائل اور ڈیسک ٹاپ ایپ کے مزید قریب آ جائے گا اور صارفین کو آن لائن میٹنگز اور گروپ رابطوں میں زیادہ آسانی حاصل ہوگی۔

مزید خبریں