هفته,  23 نومبر 2024ء
قائدایوان کےانتخاب کیلئےقومی اسمبلی کااجلاس کل ہوگا

اسلام آباد(روشن پاکستا ن نیوز)قائدایوان کےانتخاب کیلئےقومی اسمبلی کااجلاس کل 11بجےہوگا۔تفصیلات کےمطابق وزارت عظمیٰ کےامیدوارآج کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے،کاغذات نامزدگی دن دو بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کروائے جاسکیں گے ۔کاغذات کی جانچ پڑتال تین بجے سپیکر ایاز صادق خود کرینگے ۔

آج ہی کاغذات کی منظوری کی صورت میں امیدواروں کی حتمی فہرست کااعلان کی جائےگا۔وزیر اعظم کا انتخاب قومی اسمبلی کے قاعدہ 32 تا35 کے تحت ہوگا ۔کوئی بھی رکن قومی اسمبلی کسی بھی مسلمان رکن قومی اسمبلی کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار نامزد کرسکتا ہے۔ وزیر اعظم کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے ہوگا ۔اتحادی جماعتوں کےاراکین سپیکر کی دائیں طرف لابی میں جائینگے، رجسٹر پر حکومتی اتحاد کے امیدوار کے حق میں ووٹ درج کریں گے ،بائیں لابی میں اپوزیشن کےامیدوار کے حق میں رجسٹر پر ووٹ کا اندراج ہوگا ۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس، نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

اسمبلی میں قائدایوان کاانتخاب کیاجائےگا،قائد ایوان کےلیے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والا وزیراعظم قرار دے دیا جائے گا ۔حکمران اتحاد کے امیدوار شہباز شریف جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان ہیں، شہباز شریف کو200 سے زائد ووٹ ملنے کی امید ہےعمر ایوب خان کو 90 سے زائد ووٹ ملنے کی توقع ہے۔ووٹنگ کاعمل مکمل ہونے پر سپیکر قومی اسمبلی کی موجودگی میں گنتی ہوگی ،گنتی مکمل ہونے پر سپیکر نئے وزیراعظم کا اعلان کرینگے۔

مزید خبریں